Live Updates

عمران خان کے بیانات اور مطالبات چار موسموں کی طرح بدلتے رہتے ہیں،مولانا عطاء الرحمن

منگل 12 اگست 2014 23:17

عمران خان کے بیانات اور مطالبات چار موسموں کی طرح بدلتے رہتے ہیں،مولانا ..

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیانات اور مطالبات چار موسموں کی طرح بدلتے رہتے ہیں۔ ان کا نیا پاکستان بنانے کا نعرہ قائد اعظم کے پاکستان کو توڑنے کی کوشش ہے۔ طاہرالقادری کینیڈین طرز کا انقلاب چاہتے ہیں یہ مسلمانوں کا جے سالک ہے جو تھوڑے عرصے بعد احتجاج کا نیا طریقہ متعارف کراتا ہے۔

ضرب عضب سے اہداف حاصل نہیں ہوسکے۔ جن کے خلاف آپریشن کیا گیا وہ آئی ڈی پیز بن گئے یا افغانستان نکل گئے صرف پتھروں اور دیواروں کے خلاف وزیرستان آپریشن کیا گیا۔چار حلقوں کو بنیاد بنا کر ملک بھر کو انتشار میں جھونکنا اوریوم آزادی پر احتجاجی مارچ ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اطمینان کا مظاہرہ کرے۔مشرف کو چھوڑا گیا تو ہر مجرم کیلئے راستہ بن جائے گا۔

مولانا فضل الرحمن پر جمعیت کے اراکین کا ایک مرتبہ پھر اعتماد عوام کا مفتی محمود کے گھرانے پر اعتماد ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ عبیدیہ فیصل آباد میں جے یوآئی مقامی راہنماؤں سے سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت مظاہروں کا نہیں نان ایشوز کو اٹھا کر احتجاج کرنے والوں کو حکومت زیادہ سیریس نہ لے۔

دو چار دن بیٹھ کر یہ لوگ واپس آجائیں گے۔ آزادی مارچ کے پیچھے جنرل پاشا کا ہاتھ نہیں لگتا البتہ تحریک انصاف کے پیچھے ضرور کسی کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے قیام سے اب تک انٹراپارٹی انتخابات جے یوآئی کا ہی امتیاز ہے۔ ہماری جماعت نے ایوب خان کے مارشل لاء دور میں بھی اپنی پارٹی میں انتخابات نہیں روکے۔ بنیادی یونٹ سے مرکزتک مکمل تنظیم سازی ہر تین سال بعد باقاعدہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا حکومت اور فوج اس وقت ایک پیج پر ہیں اگر یہ ایک پیج پر نہ ہوتے تو عمران خان کو اتنے جتن نہ کرنے پڑتے۔انہوں نے کہا قادری کے مریدوں کا ماڈل ٹاوٴن میں قتل قابل افسوس ہے وہ پاکستانی اور مسلمان تھے ان کے ورثاء سے جے یوآئی ہمدردی کرتی ہے مگر طاہرالقادری کا انقلاب کینیڈین ڈرامہ ہے۔ انہوں نے کہا مولویوں پر قائداعظم کی مخالفت کا الزام لگایا جاتا ہے مگر عمران خان قائد اعظم کے بنائے پاکستان کو توڑنے کیلئے نئے پاکستان کا نعرہ لگا رہا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضرب عضب میں مارے گئے دہشتگردوں کے ناموں کا تو علم نہیں البتہ وہاں کتنے سپاہیوں نے خودکشی کی اس کا بھی معلوم کریں۔ہمیں معلوم تھا کہ اصل قوت مذاکرات کی حامی نہیں اس لئے ان ڈھونگ مذاکرات کا حصہ نہیں بنے۔انہوں نے کہا قادری اور عمران کا ایجنڈا ملک سے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی سازش ہے۔حکومت حکمت عملی سے اس کا مقابلہ کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :