پی سی بی کو 800 ملین روپے کا منافع ہوگیا، سیٹھی کا دعویٰ

بدھ 13 اگست 2014 16:56

پی سی بی کو 800 ملین روپے کا منافع ہوگیا، سیٹھی کا دعویٰ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیاکہ گذشتہ مالی سال میں پی سی بی کو 800 ملین روپے منافع ہوا، ان کے مطابق بورڈ دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن اخراجات میں کمی اور وسائل میں اضافہ کرکے مسائل پر قابو پالیا۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں پی سی بی کے مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیاکہ جون 2014 میں ختم ہونے والے مالی سال میں پی سی بی کو 800 ملین روپے منافع ہوا جو2011 کے بعد سب سے بہتر کارکردگی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب میں نے چارج سبنھالا تو بورڈ دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، چیف فنانشل آفیسرنے پہلی میٹنگ میں ہی خدشات سے آگاہ کردیا، اخراجات میں کمی اور ٹی وی رائٹس کی فروخت سمیت وسائل میں اضافہ کرنے کی پالیسی اپناتے ہوئے مسائل پر قابو پالیا، فاضل اسٹاف اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرکے انتظامی اخراجات میں 12 فیصد کمی کی گئی، نیوٹرل وینیوز پر مقابلوں کا بجٹ بھی کم کیا گیا جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کہا کہ اپنے دور میں سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے وقار یونس اور مشتاق احمد سمیت دیگر پروفیشنل کوچز کا تقرر کیا،اس سے ماحول میں خوشگوار تبدیلی آئی ۔ انھوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے فرسودہ نظام کی اصلاح کی جا رہی ہے،کراچی اور ملتان میں اکیڈمیز اگلے 12 ماہ میں فعال ہوجائیں گی، سپرلیگ کرانے کا بڑا قدم اٹھایا، اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو پی سی بی کو بہت آمدنی ہو سکتی ہے، میری پالیسیز کا تسلسل برقرار رہا تو 4 برس میں پاکستان کرکٹ عروج پر ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے نئے آئین میں پیٹرن کے اختیارات بہت کم ہوچکے ہیں،اگر انھیں بالکل ہی ختم کر دیا جاتا توبورڈ ایک بے پتوار کا سفینہ بن جاتا،گورننگ بورڈ میں رہنے کا مقصد پالیسیزکے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :