تمام سیاسی قوتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو نگی، جمہوریت کا استحکام محض حکومت کی ذمہ داری نہیں،سید نئیر حسین بخاری

بدھ 13 اگست 2014 17:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے 68ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوری جدو جہد سے آزادی حاصل کر کے پاکستان کو حقیقی جمہوری ملک بنانے کا عزم صمیم کیا گیا تھا، لیکن بد قسمتی سے جمہوریت کو مضبوط نہ ہونے دیا گیا ، جمہوری و سیاسی قائدین اور سیاسی کارکنوں کی جدو جہد اور قربانیوں کے نتیجے میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے جس کی مضبوطی کی آج اشد ضرورت ہے جو وفاق پاکستان کی ضمانت اور عوام کو سرکاری و ریاستی معاملات میں شرکت کا بھر پور موقع فراہم کرنے کی علامت ہے ۔

چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے مزید کہا کہ ہمارے اسلاف نے اس مملکت خداداد کو حاصل کرنے کیلئے اپنے جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں اس کی حفاظت اب ہمارا قومی فریضہ ہے ۔

(جاری ہے)

ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو اقتدار کی پرُامن منتقلی پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا ثبوت ہے اور پارلیمانی جمہوریت ہی اس ملک کا مستقبل اور قوم کے دل کی آواز ہے ۔

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو نگی جمہوریت کا استحکام محض حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد اور طبقے کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کر کے جمہوریت کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کیلئے کوششیں کرنا ہونگی اور یوم آزادی کے موقع پرقوم کو یکجہتی یگانگت ، بھائی چارے کے ذریعے تحریک پاکستان کے جذبے کی طرح ملک کے استحکام کی خاطر متحد ہونا ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :