خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کا وزیراعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

منگل 19 اگست 2014 11:28

خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کا وزیراعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف تحریک عدم ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اگست 2014ء) خیبر پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے سے بچنے کے لئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے دستخط بھی لے لئے گئے ہیں جب کہ صوبائی حکومت میں شامل تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کو منانے کا ٹاسک آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو دے دیا گیا ہے۔

خیبر پختون خوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 55 ہے جب کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے 63 ووٹ درکار ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عوامی جمہوری اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صوبائی اسمبلی میں حکومت کا حصہ ہیں تاہم تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔ اگر اپوزیشن جماعتیں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو اس صورت میں پرویز خٹک گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب عباسی کو اسمبلی تحلیل کرنے کی درخواست کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ 124 اراکین پر مشتمل خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی کے پاس 8 جب کہ عوامی جمہوری اتحاد کے 5 اراکین شامل ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں میں مسلم لیگ ن کے 17، جمعیت علمائے اسلام (ف) 17، قومی وطن پارٹی 10، عوامی نیشنل پارٹی 5، پاکستان پیپلز پارٹی 5 اور 2 آزاد اراکین بھی شامل ہیں۔ (آن لائن)

متعلقہ عنوان :