اپوزیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی

منگل 19 اگست 2014 15:14

اپوزیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کیخلاف تحریک عدم اعتماد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اگست 2014ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے سے بچنے کے لئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم جمع کرادی۔ گزشتہ روز قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے دستخط بھی لے لئے گئے ہیں جب کہ صوبائی حکومت میں شامل تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کو منانے کا ٹاسک آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو دے دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 55 ہے جب کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے 63 ووٹ درکار ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عوامی جمہوری اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صوبائی اسمبلی میں حکومت کا حصہ ہیں تاہم تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔ اگر اپوزیشن جماعتیں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو اس صورت میں پرویز خٹک گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب عباسی کو اسمبلی تحلیل کرنے کی درخواست کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ 124 اراکین پر مشتمل خیبر پختون خوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی کے پاس 8 جب کہ عوامی جمہوری اتحاد کے 5 اراکین شامل ہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں میں مسلم لیگ ن کے 17، جمعیت علمائے اسلام (ف) 17، قومی وطن پارٹی 10، عوامی نیشنل پارٹی 5، پاکستان پیپلز پارٹی 5 اور 2 آزاد اراکین بھی شامل ہیں۔