میرے ایک اشارے پر کارکن اسلام آباد کو تہس نہس کر دیں گے، عمران خان

منگل 19 اگست 2014 17:23

میرے ایک اشارے پر کارکن اسلام آباد کو تہس نہس کر دیں گے، عمران خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اگست 2014ء) عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دیں، اس کے علاوہ کچھ بھی قابل قبول نہیں، ڈپلومیٹک انکلیو کے پاس سے بھی نہیں گزریں گے، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے، میرے ایک اشارے پر کارکن اسلام آباد کو تہس نہس کردیں گے، میں چاہتا ہوں فوج نہ آئے، گلو بٹوں نے کوئی کارروائی کی تو نواز شریف کو نہیں چھوڑیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ ان کے بزنس سے جڑی ہوئی ہے، انہیں ڈر ہے کہ ری الیکشن ہوا تو مسلم لیگ ن کا صفایا ہوجائے گا، لاہور سے اسلام آباد تک لوگوں نے مجھ سے وعدہ لیا کہ نواز شریف کے استعفیٰ کے بغیر واپس نہ آنا، حکمرانوں میں تھوڑی بھی شرم ہوتی تو استعفیٰ دے چکے ہوتے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا مارچ ڈپلومیٹک انکلیو کے پاس سے بھی نہیں گزریں گے، وہاں رہنے والے ہمارے مہمان ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جاکر احتجاجی دھرنا دیں گے، گزشتہ روز آزادی مارچ کے شرکاء کو جس مشکل سے کنٹرول کیا میں جانتا ہوں، اگر ایک اشارہ کردوں تو کارکن اسلام آباد کو تہس نہس کردیں گے۔

عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان کے حسنی مبارک ہیں، دونوں دھاندلی سے الیکشن جیت کر آئے، نواز شریف نے انصاف کے تمام دروازے بند کردیئے، انشاء اللہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع ہوگا، نواز شریف کی باتیں سننے کا وقت چلا گیا، اب انہیں ہر حال میں جانا ہوگا، ان کا وقت بہت کم رہ گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی زبان پر اب کبھی اعتماد نہیں کروں گا، انہوں نے ہمیشہ جھوٹ بولا اور دھوکا دیا، جائز مطالبات کرنے پر فوج کے آنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، میں چاہتا ہوں کہ فوج نہ آئے نواز شریف پُرامن طور پر چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی میں بجلی اور گیس کے بل نہیں بھریں گے، ٹیکس بھی نہیں دیں گے، آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کو کہتا ہوں کہ نواز حکومت غیر قانونی اور ناجائز ہے اسے کوئی قرض نہ دیا جائے، ہماری حکومت بنی تو یہ قرضے واپس نہیں کریں گے، پاکستان ہر گز ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ن لیگ نے گلو بٹوں کو سادہ کپڑوں میں تعینات کردیا، ہمارے مارچ میں خواتین اور بچے بھی شامل ہوں گے، اگر کوئی بھی کارروائی ہوئی تو نواز شریف کو نہیں چھوڑیں گے، ان کے پیچھے رائے ونڈ اور لندن بھی جانا پڑا تو جاؤں گا۔

متعلقہ عنوان :