چاہتے ہیں کہ سیاسی معاملات مذاکرات سے حل ہوں، ڈیڈ لاک ختم کرانے کے قریب پہنچ چکے، اعجاز الحق،حیدر عباس رضوی

بدھ 20 اگست 2014 19:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق اور متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ سیاسی معاملات مذاکرات سے حل ہوں ‘ ڈیڈ لاک ختم کرانے کے قریب پہنچ چکے ہیں حکومت کے اعلیٰ سطحی وفد کو مذاکرات کیلئے لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ خوراک اور پانی بند کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے حکومت مسئلے کا نوٹس لے جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے وزیراعظم سی ڈی اے کو حکم دیں۔

بدھ کے روز عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ ہم حکومت کی ایما پر نہیں بلکہ اپنی صوابدید پر آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں انہوں نے کہا کہ یہاں آکر معلوم ہوا ہے کہ پانی اور خوراک کے کنٹینر کو حکومت نے روک لیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اس لئے حکومت ان کو فوری لانے کی ہدایت دے۔

(جاری ہے)

متحدہ موومنٹ کے مرکزی رہنماء حیدر عباس رضوی نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کا پہلے روز سے مطالبہ ہے کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد تحریک کے حکم پر ڈاکٹر طاہر القادری سے ملنے آئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے اور جاکر حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کریں گے اور ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ طاہر القادری سے مذاکرات کرائیں گے اور امید ہے کہ یہ ڈیڈ لائن جلد ہی ختم ہوگا کیونکہ مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت یہاں خوراک اور پانی کی شدید قلت ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ سی ڈی اے کو فی الفور حکم دیں کہ پینے کے پینے کے بوتل براؤزر فی الفور یہاں لائیں جبکہ عوامی تحریک کے خوراک کے روکے گئے کنٹینرز کو فی الفور آنے دیا جائے کیونکہ پہلے یہ دھرنا آبپارہ میں تھا یہاں مارکیٹ بالکل ساتھ تھی اور کارکنان اپنے طور پر کھانا اور پانی حاصل کررہے تھے لیکن یہاں پر دور دور تک کوئی مارکیٹ نہیں جس سے بہت مشکلات ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو باتھ روم کیلئے بھی شدید مشکلات ہیں اس لئے حکومت فی الفور کسی سرکاری عمارت کے باتھ روم استعمال کرنے کی بھی ان کارکنوں کو اعجاز دے یا یہاں پر ٹائلٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :