Live Updates

مخالفین پر حملے نواز، شہباز شریف کرا رہے ہیں، جمہوریت کا واویلا صرف کرسی بچانے کیلئے کر رہے ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی

بدھ 20 اگست 2014 23:23

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے وفاق المدارس پاکستان کے جنرل سیکرٹری قاری حنیف جالندھری نے رابطہ کیا۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں سے اپیل کی کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں، دونوں مسلم لیگی قائدین نے دریں اثناء ملتان میں ن لیگ کے صدر کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ پر حملے اور کراچی میں پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور سینکڑوں مسلم لیگی کارکنوں کے خلاف دھرنا دینے پر مقدمہ درج کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف مایوسی میں سیاسی مخالفین پر حملے کروا رہے ہیں اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، چودھری شجاعت حسین، میرے، چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین اور خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ حکومت مخالف دیگر رہنماؤں اور ان کے گھروں کو نشانہ بنانے کے بارے میں انقلاب مارچ سے قبل نہایت مصدقہ ذرائع کے حوالہ سے میں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سرگرم سیاسی مخالفین پر حملوں کیلئے ن لیگی دہشت گردوں اور انتظامیہ اور پولیس افسروں کو براہ راست ہدایات دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے ن لیگی غنڈوں کی مدد سے خانہ جنگی کی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ عوام کی واضح اکثریت ان سے بیزار ہے، دھاندلی سے براہ راست اقتدار میں آنے والے یہ حکمران آئین و جمہوریت پر بالکل یقین نہیں رکھتے صرف اپنی کرسی بچانے کیلئے واویلا کر رہے ہیں لیکن اب ان کا جانا ٹھہر گیا ہے صبح جائیں یا شام۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :