اندرا گاندھی کے قتل پر بنائی گئی فلم ’قوم دے ہیرے‘ بھارت میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعات میں گھر گئی

جمعہ 22 اگست 2014 12:02

اندرا گاندھی کے قتل پر بنائی گئی فلم ’قوم دے ہیرے‘ بھارت میں ریلیز ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اگست۔2014ء) سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل پر بنائی گئی پنجابی فلم ’قوم دے ہیرے‘ بھارت میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعات میں گھر گئی ہے۔گاندھی کی جماعت کانگریس پارٹی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ اس فلم پر پابندی عائد کی چاہئے کیونکہ اس فلم میں اندرا گاندھی کے قاتلوں کو ہیرو کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلم ریلیز ہوئی تو اس سے تشدد پھیلنے کا اندیشہ ہے کیونکہ گاندھی کے محافظوں نے ہی انھیں قتل کر دیا تھا کیونکہ انھوں نے سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں شدت پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے فوج بھیجی تھی۔سکھوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ہزاروں سکھ ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ملک بھر میں سکھ مخالف فسادات میں 3ہزار سے زیادہ سکھ ہلاک ہوئے تھے۔

یہ فلم سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو قتل کرنیوالے ان کے محافظ بیانت سنگھ اور ستونت سنگھ پر بنائی گئی ہے۔بیانت سنگھ کو اندرا گاندھی کے قتل کے وقت ہی گولی مار دی گئی تھی جبکہ ستونت سنگھ کو پھانسی پر لٹکایا گیا تھا۔ڈائریکٹر رویندر روی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اندرا گاندھی کے قتل کی تحقیقات کرنیوالے کمیشن کی رپورٹ اور عدالتی کارروائی کیساتھ ساتھ بیانت سنگھ اور ستونت سنگھ کے خاندانوں کیساتھ طویل ملاقاتوں کے بعد یہ فلم بنائی ہے۔یہ فلم بھارت میں 22 اگست کو ریلیز ہونی ہے جبکہ بیرون ملک یہ پہلے ہی ریلیز ہو چکی ہے۔ بھارت میں بنائی جانیوالی پنجابی فلمیں ملک کے علاوہ شمالی امریکہ، یورپ اور آسٹریلیا میں بھی ریلیز ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :