Live Updates

بھٹو کے بعد عمران خان امریکا کو للکارنے والے دوسرے لیڈر

جمعہ 22 اگست 2014 16:12

بھٹو کے بعد عمران خان امریکا کو للکارنے والے دوسرے لیڈر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 2اگست 2014ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نیازی نے جمعرات کی شام کو اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے جذباتی خطاب کے دوران امریکا کو بھی براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک روز قبل نواز شریف کے بارے میں کہا تھا کہ وہ منتخب وزیر اعظم ہیں اوران سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔

عمران نے امریکا کے اس موقف پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ سے کہا تھا کہ تمہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو مخاطب کر کے بھی الیکشن میں دھاندلی کا ذکر کیا۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کئی سیاستدان اور ڈکٹیٹر اقتدار میں رہے تا ہم کسی نے اس طرح بر ملا امریکا کے خلاف بات نہیں کی۔

(جاری ہے)

عمران سے پہلے صرف ذوالفقار علی بھٹو ہی تھے جنہوں نے بھارت کے 1974 میں کئے گئے ایٹمی دھماکے کے بعد پاکستان کا نیو کلیئر پروگرام شروع کیا تو امریکا کی تشویس پر جواب دیا تھا کہ ، ہم گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے۔ اس وقت کے امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے بھٹو کو نشان عبرت بنانے کی دھمکی دی تھی۔ اب ہر چند کہ چار عشرے قبل والے حالات نہیں اورمعاملہ سیاسی اور حقیقی جمہوری نوعیت کا ہے ، تا ہم مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا ایسا ملک ہے جو اپنے خلاف کی ہوئی بات اورکسی چھوٹی موٹی کارروائی کو کبھی نہیں بھولتا اور کبھی نہ کبھی اور کسی نہ کسی انداز میں انتقام لے لیتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے عمران کی بات پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہا اور نہ ہی اس کے مذاکراتی عمل کا حصہ ہیں۔ عمران نے جس طرح امریکا کو مخاطب کیا ہے وہ بڑی جرات سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :