بھارتی فوج کی سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر گولہ باری سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ہفتہ 23 اگست 2014 11:44

بھارتی فوج کی سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر گولہ باری سے خاتون سمیت ..

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 2اگست 2014ء) بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بلا اشتعال فارئرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے پاکستانی حدود پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، بھارتی فوج نے سیالکوٹ میں چارواہ اور چپڑار سیکٹر کے مختلف دیہاتوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور مارٹر گولے فائر کئے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی گولہ باری سے سیالکوٹ کے گاؤں جاجراں گڑی کا 60 سالہ امداد حسین جاں بحق ہو گیا، گاؤں کھدرال میں مارٹر گولہ گرنے سے 35 سالہ نازیہ بی بی جاں بحق جب کہ اس کی 2 بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ ہی کے گاؤں بینہ سلہریاں میں بھارتی فوج کی جانب سے ماڑٹر گولہ فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

چارواہ سیکٹر کے مختلف دیہاتوں میں بھارتی گولہ باری سے 7 مویشی ہلاک جب کہ درجنوں مکانات کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔

دوسری جانب چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی توپوں کو خاموش کرادیا اور انھیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سرحدی خلاف ورزی کا آغاز کردیا ہے اور گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے چارواہ سیکٹر پر شہری آبادیوں اور رینجرز کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم چناب رینجرز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔

متعلقہ عنوان :