حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتیں صرف دکھاوے کیلئے مذاکرات نہ کریں، الطاف حسین

ہفتہ 23 اگست 2014 12:06

حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتیں صرف دکھاوے کیلئے مذاکرات نہ کریں، ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 2اگست 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حکومت اور احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں کے رہنما صرف دکھاوے کے لئے مذاکرات نہ کریں بلکہ اس وقت تک نہ اٹھیں جب تک وہ بات چیت کے ذریعہ کسی مثبت حل تک نہیں پہنچ جاتے۔

(جاری ہے)

لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے حکومت اور احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں کے رہنماؤں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا وہ صرف دکھاوے یا فوٹو سیشن کے لئے مذاکرات نہ کریں بلکہ مذاکرات کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے خود کو وقت کی قید سے آزاد کرکے اس وقت تک مذاکرات کے لئے بیٹھے رہیں جب تک کہ وہ بات چیت کے ذریعہ کسی مثبت حل تک نہیں پہنچ جاتے۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ حکومت اور احتجاجی دھرنے دینے والوں کے مابین نتیجہ خیز اور کامیاب مذاکرات نہ ہونے کے سبب جہاں ملک اور اس کا دارالحکومت اسلام آباد بے شمار نقصانات کے بوجھ تلے دبتا چلا جارہا ہے وہیں شہر کو وبائی امراض کے خطرے سے بھی خالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس لئے وہ حکومت اور احتجاجی دھرنے دینے والی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ باہمی بات چیت کے ذریعہ صفائی ستھرائی کا انتظام بہترسے بہتر بنائیں۔