کھپرو ،تجاوزات اور غیرقانونی سلنڈر کے خلاف کریک ڈاؤن‘ 15 تاجروں پر 12 ہزار سے زائد جرمانہ عائد

منگل 26 اگست 2014 14:00

کھپرو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) سول جج و اسسٹنٹ کمشنر کھپرو کا مختلف علاقوں میں زائد نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے‘ تجاوزات اور غیرقانونی سلنڈر کے خلاف کریک ڈاؤن‘ 15 تاجروں پر 12 ہزار سے زائد جرمانہ عائد‘ بڑی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کرکے 7 گاریاں تحویل میں لے لیں‘ سول جج و اے سی کے چھاپوں کی اطلاع پر تاجروں‘ گاڑی مالکان میں کھلبلی مچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نوید احمد کلہوڑو اور اسسٹنٹ کمشنر امام بخش کاکا نے ٹاؤن آفیسر جہانزیب منگنیجو اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زائد نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے‘ مناسب جگہ پر سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے پر اچانک چھاپے مارے اور دوست علی‘ رفیق احمد‘ محمد خالد‘ غلام مصطفی‘ منہوش کمار‘ مکیش کمار‘ محمد جاوید‘ جماالدین‘ محمد عامر‘ خانومل سمیت 15 تاجروں پر مجموعی طور پر 12600 روپے جرمانہ عائد کرکے رقم وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرا دی اور سیونجی روڈ‘ میرپور خاص روڈ‘ شاہی بازار‘ برف گلی اور سبزی مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سول جج اور اسسٹنٹ کمشنر نے کھپرو واہ کے مقام پر ناکہ بندی کرکے غیرقانونی طور پر سیٹوں کے نیچے لگے ہوئے گیس سلنڈروں اور کاغذات نہ ہونے کی بنا پر ایک ٹریکٹر‘ ایک کار اور 5 موٹر سائیکلوں کو اپنی تحویل میں لے کر کھپرو تھانے منتقل کردیا۔ سول جج و اے سی کی کارروائیوں پر تاجروں‘ ٹرانسپورٹر مالکان میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر دکانوں کے باہر رکھا ہوا سامان دکانوں کے اندر رکھ لیا گیا۔