حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور جاری

منگل 26 اگست 2014 21:11

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور جاری

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں تعطل کے بعد ایک بار پھر بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ایک بار پھر مذاکرات میں ڈیڈ لاک کا خاتمہ ہوا ہے جس کے بعد دونوں فریقین کے مابین مذاکرات کا چوتھا دورمقامی ہوٹل میں جاری ہے، حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں وزیر اطلاعات پرویز رشید،عبدالقادر بلوچ،زاہد حامد شامل ہیں جبکہ اس بار کمیٹی میں گورنر پنجاب چوہدری سرور کی غیر موجودگی کے باعث وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو بھی شامل کیا گیا ہے، تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی شاہ محمود قریشی،جاوید ہاشمی، اسد عمر،پرویز خٹک،جہانگیر ترین اور عارف علوی پر مشتمل ہے۔

تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں دونوں جانب سے مطالبات اور تحفظات پر غور کیا جارہا ہے جبکہ مسئلے کے حل کے لئے قانونی اور آئینی راستہ نکالنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کےدرمیان مذاکرات کے 3 دور ناکام ہوچکے ہیں جس میں حکومت نے تحریک انصاف کے 5 مطالبات پر رضا مندی ظاہر کی ہے جبکہ وزیراعظم کے استعفے پر دونوں جانب سے ڈیڈ لاک برقرار ہے۔