ملک میں جاری سیاسی بحران ، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،سرمایہ کاروں کے 81ارب روپے سے زائد ڈوب گئے،

کے ا یس ای100انڈیکس 432.24 پوائنٹس کمی سے 27811.35 پوائنٹس پر بند ہو

بدھ 27 اگست 2014 19:44

ملک میں جاری سیاسی بحران ، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی،سرمایہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) ملک میں جاری سیاسی بحران کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کوایک مرتبہ پھر شدید مندی رہی اورکے ایس ای100 انڈیکس 432.24 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔سرمایہ کاروں کے 81ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ۔کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 73.13فیصد زائد جبکہ 71.30فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری حالیہ سیاسی بحران کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کی لپیٹ میں ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

بدھ کو کاروبار کے آغاز کے وقت کے ایس ای 100 انڈیکس 28ہزار 243 پوائنٹس پر موجود تھا ابتدا میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس میں 28 ہزار 307 کی سطح پر پہنچ گیا تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں شدید مندی چھا گئی اور یکے بعد دیگرے کئی نفسیاتی حدیں گر گئیں، ایک وقت میں انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس کمی کے بعد 27ہزار 600 کی سطح پر بھی آگیا تھا تاہم دوسرے سیشن میں سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے جس کے بعدکے ا یس ای100انڈیکس 432.24 پوائنٹس کمی سے 27811.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 345 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 79 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 246 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 20 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 100 روپے کے اضافہ سے 7500 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح مری بیوریج کے حصص کی سودے بھی 45.97 روپے کی تیزی سے 974.30 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 164.27 روپے کی مندی سے 3200.11 روپے اور رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمت بھی 92.50 روپے کی کمی سے 10700 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 81 لاکھ 97 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 9.75 روپے سے شروع ہو کر 10.06 روپے پر بند ہوئی۔

مجموعی طور پر 13 کروڑ 23 لاکھ 12 ہزار 500 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 6 ارب 80 کروڑ 25 لاکھ 42 ہزار 621 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 66 کھرب 17 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ 38 ہزار 943 روپے سے کم ہو کر 65 کھرب 35 ارب 82 کروڑ 58 لاکھ 35 ہزار 827 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 124 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 51 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور1 کمپنی کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 2 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 25 حصص کا کاروبار ہوا۔ بدھ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 332.46 پوائنٹس کمی سے 19365.10 پوائنٹس ،کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 253.24 پوائنٹس کمی20417.53پوائنٹس جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 651.07 پوائنٹس کی کمی سے45374.53پوائنٹس پر بندہوا