ریڈزون ایک مرتبہ پھرمیدان جنگ بن گیا، مظاہرین پاکستان ٹیلی وژن کی عمارت میں داخل ہوگئے

پیر 1 ستمبر 2014 11:34

ریڈزون ایک مرتبہ پھرمیدان جنگ بن گیا، مظاہرین پاکستان ٹیلی وژن کی عمارت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔1ستمبر 2014ء) وفاقی دارالحکومت میں مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور پورا ریڈ زون میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ مظاہرین پاکستان ٹیلی وژن کی عمارت میں داخل ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں رات بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد مظاہرین کی جانب سے ڈی چوک سے آگے کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب جانے والے راستے پر پاکستان سیکریٹیریٹ کا علاقہ جھڑپوں کا مرکزبنا ہوا ہے۔ مظاہرین پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں پر پتھراؤ کررہے ہیں اور انھیں غلیلوں سے کنچے برسا رہے ہیں، شدید پتھراؤ کے بعد ایف سی اہلکار ایک جانب ہوگئے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے وقفے وقفے سے آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے تاہم بارش کے باعث شیلنگ اثر نہیں کررہی اور جواباً پولیس اہلکار وہی پتھر اٹھا کر مظاہرین کو مار رہے ہیں جو ان پر برسائے جارہے ہیں.

مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے نتیجے میں ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو بھی زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

پتھراؤ کے بعد مظاہرین نے پاک سیکریٹریٹ کے مرکزی دروازے کے سامنے موجود کنٹینر کو آگ لگانے کے بعد سیکریٹریٹ دروازہ بھی توڑ دیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے سیکریٹریٹ میں پوزیشن سنبھالنے کے بعد مظاہرین سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کی رات سے ریڈ زون میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور اس میں اب تک 4 افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :