بیگم نصرت بھٹو ایئر پورٹ سکھر سے158 عازمین حج کو پہلی حج پرواز روانہ

بدھ 3 ستمبر 2014 20:18

سکھر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3ستمبر 2014ء) بیگم نصرت بھٹو ایئر پورٹ سکھر سے158 عازمین حج کو پہلی حج پرواز کے ذریعے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ روانہ کردیا گیا ہے تمام عازمین پاکستان کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں حج کے موقع پر دوسرے ممالک کے عازمین کے ساتھ ساتھ پاکستانی حجاج پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صبر و سکون اور عزت و وقار کا خاص خیال کریں حج کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب ، دوستوں اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام اور اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کی بھی دعائیں کریں اللہ تعالیٰ آپ کے حج کو قبول کرے اور آپ کو بہت بہت مبارک ہو اللہ تعالیٰ نے آپ کو حج کرنے کی سعادت نصیب فرمائی اس دوران زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں اور حج کے لئے فراہم کردہ تفصیلی کتابچہ کو بغور مطالعہ کریں اور اپنے ضروری کاغذات کی حفاظت کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھرمحمد عباس بلوچ نے آج سکھر ایئر پورٹ سے 158حاجیوں کی پہلی حج پرواز کے ذریعہ روانہ کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایئر پورٹ منیجر لطف اللہ بھٹو اور حج ڈائریکٹر محمد طاہر شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال بیگم نصرت بھٹو ایئر پورٹ سکھر سے حج کی 06 پروازوں کے ذریعہ 986 حجاج کرام کو روانہ کیا جائے گا حجاج کرام کی سہولت اور تربیت کے لئے حج کمپلیکس میں اور ایئرپورٹ پر روانگی کے موقع پر بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں حجاج کرام کو تربیت کے دوران آگاہ کردیا جاتا ہے کہ وہ اپنے سامان میں غیر ضروری اور ممنوعہ اشیاء نہ رکھیں ان کی تفصیلات سے حجاج کرام کو تفصیلی طور پر معلومات فراہم کی گئی ہے حجاج کرام کی سہولت کے لئے سول ایوی ایشن ، پی آئی اے ، ایف آئی اے ، کسٹم ، اینٹی نارکو ٹیکس ،ایمیگریشن، اے ایس ایف کے علاوہ محکمہ صحت ،میونسپل انتظامیہ،بھرپور تعاون اور رہنمائی فراہم کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :