پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق

جمعرات 4 ستمبر 2014 15:59

پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4ستمبر 2014ء) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھت گرنے اور دیگر واقعات میں اب تک کم از کم 31 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پنجاب سمیت میرپور آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ شام شروع ہونے والی بارش سے نظامِ زندگی بُری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں 16 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری مون سون بارشوں نے نظام زندگی کو بری طرح سے متاثر کیا ہے، جبکہ کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ لاہور میں بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آرہا ہے، جہاں سیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدمات کریں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ مانسہرہ اورگردونواح میں بھی بارش سے ہر طرف جل تھل ہوگیا اورسڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :