ٹنڈومحمدخان، ممکنہ برساتوں کے پیش نظر شہر کے متعدد علاقوں میں صفائی ستھرائی سمیت نالوں کی صفائی کاکام جاری

جمعہ 5 ستمبر 2014 16:24

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر۔2014ء)صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ، میونسپل انتظامیہ ناکام ، برساتوں میں شہر کے متعدد علاقے ڈوب جانے کا خطرہ ، فوری اقدامات کئے جائیں ، شہری اتحاد وضلع ایکشن کمیٹی کے صدر نور حسن کھوکھر کا مطالبہ ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ممکنہ برساتوں کے باعث شہر کے متعدد علاقوں دولا محلہ ، میر محلہ ، نصیر آباد محلہ ، پیر محلہ ، غریب آباد کالونی سمیت دیگر علاقوں کے ڈوب جانے کا خطرہ ہے یہ بات شہری اتحاد و ضلع ایکشن کمیٹی کے صدر نور حسن کھوکھر نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہاکہ پنجاب میں برسات کی تباہ کاریوں کے باوجود سندھ بلخصوص ٹنڈومحمدخان کی انتظامیہ نے اب تک کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے ہیں ، جس کے باعث خدشہ ہے کہ ٹنڈومحمدخان میں 2010والی صورتحال پیدا ہوجائے اور ٹنڈومحمدخان کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب جائیں ، میونسپل انتظامیہ کی جانب سے اب تک گندہ پانی نکالنے اور نالوں کی صفائی کا کام تاحال نہ شروع کیا گیا ہے جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، جس سے تعفن پھیل رہا ہے ، گندگی کے باعث شہر میں مچھروں کی بہتات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ سے زائد ماہانہ قسط لینے والی میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہ کرسکی ہے ، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی بھاگ دوڑ نا اہل آفسران کو دے دی گئی ہے ، ممکنہ برساتوں اور شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث ٹنڈومحمدخان کے شہری انتہائی خوف زدہ ہیں کہ اگر پنجاب کی طرح سندھ میں بھی طوفانی برساتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تو ٹنڈومحمدخان ایک بار پھر پانی میں ڈوب جائیگا ،انہوں نے بالا حکام سے مطالبہ کیاکہ اگر 24گھنٹوں کے اندر شہر میں صفائی ستھرائی اور نالوں کی صفائی کا کام نہیں شروع کیا گیا تو شہری اتحاد احتجاجی تحریک کا آغاز کردے گی ، اس موقع پر میر نسیم تالپور ، رفیق پنھور ، آصف چانڈیو ، میر سرفراز تالپور ، الطاف کولاچی ، ایاز ڈیتھوودیگر بھی موجود تھے ۔