دھرنے فی الفور ختم کرکے سیلاب زدگان کی مدد کی جائے، الطاف حسین کی اپیل

جمعہ 5 ستمبر 2014 19:15

دھرنے فی الفور ختم کرکے سیلاب زدگان کی مدد کی جائے، الطاف حسین کی اپیل

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر۔2014ء) الطاف حسین نے بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث آزادی و انقلاب مارچ کے دھرنے فی الفور ملتوی کرنے کی اپیل کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے منٹ کے ساتھ انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں، قوم اختلافات بھلاکر ایک صفحے پر جمع ہو، حکومت گرفتار مظاہرین رہا کرکے اچھی پیشرفت کرے، فوج ملک کے ہر حصے میں مدد کررہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ طوفانی بارشوں، سیلاب اور قدرتی آفات کے باعث مکانات، فصلیں اور املاک تباہ ہورہی ہیں، ہر گزرتے منٹ کے ساتھ انسانی جانوں کا بھی زیاں ہورہا ہے، موجودہ صورتحال کے تناظر میں اپیل کرتا ہوں کہ آزادی و انقلاب مارچ کے دھرنے فی الفور ملتوی کردیئے جائیں۔

(جاری ہے)

وہ کہتے ہیں کہ ملک کی نازک ترین صورتحال قوم سے متقاضی ہے کہ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک صفحہ پر جمع ہوں، اور قدرتی آفت کے شکار اپنے بھائیوں کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں، حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام جماعتیں سیلاب زدگان کیلئے متحد ہوجائیں، طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلے تھم جانے کے بعد احتجاجی دھرنوں کا دوبارہ آغاز کردیں۔

الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حکومت گزشتہ دنوں گرفتار کئے گئے مظاہرین کو رہا کرکے ایک اچھی پیشرفت کا آغاز کرے، حکومت تمام تر دیگر امور سے توجہ ہٹاکر اپنی توجہ سیلاب زدگان کی بحالی اور انسانی جانوں کے تحفظ پر مرکوز کرے، افواج ہی وہ واحد ادارہ ہے کہ جس کے افسران اور جوان ملک کے چپے چپے میں سیلاب زدگان کی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔