سیاسی بحران سے غیر ملکی کمپنیوں کے اعتماد میں نمایاں کمی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 14:27

سیاسی بحران سے غیر ملکی کمپنیوں کے اعتماد میں نمایاں کمی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) ملک میں جاری سیاسی بحران سے پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے اعتماد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ستمبر کے پہلے ہفتے میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کا کہنا ہے کہ حالیہ سیاسی بحران نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کرنے کے علاوہ غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کے امکانات کو بھی محدود کردیا ہے۔

سروے کے مطابق تقریباً 50 فیصد غیرملکی کمپنیوں کو حالیہ سیاسی بحران کی وجہ سے اپنے غیرملکی حصص یافتگان اور ریجنل انتظامیہ کے ساتھ پاکستان میں طے شدہ ملاقاتوں کو منسوخ کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

سروے کیے گئے ایک تہائی ممبران کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے بعد وہ آئندہ 3 سال کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے منصوبوں کا ازسرِنو جائزہ لیں گے۔

سروے کے شرکا کی تقریباً 50 فیصد نے کہا کہ اس طرح کے حالات کی وجہ سے اچھے ملازمین کو پاکستان میں نوکری پر آمادہ رکھنا مشکل ہوتا ہے۔

موجودہ سیاسی بحران کے فوری نتائج پر جوات دیتے ہوئے تقریباً 40 فیصد شرکا نے کہا کہ اس بحران سے ان کی فروخت اور منافع میں کمی آنے کا امکان ہے جس سے حکومت کی ٹیکس وصولیوں میں بھی کمی واقع ہوگی۔ سروے کے 62 فیصد شرکا کا کہنا ہے کہ حکومت کے لیے 2014-15 کے مالیاتی ٹارگٹ کو حاصل کرنا بھی مشکل ہوگا جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ اس سے ویژن 2025 کو بھی دھچکا لگے گا۔

او آئی سی سی آئی کے صدر اسد ایس جعفر نے سروے کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے ممبران غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور حالیہ سروے موجودہ صورتحال پر غیرملکی کمپنیوں کے خدشات اور خیالات کی موجودہ جھلک ہے۔ اسد ایس جعفر نے امید ظاہر کی کہ موجودہ کاروباری ماحول بہتر ہوجائیگا اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کنے والے عوامل مثلاً سیکیورٹی، لااینڈ آرڈر، بجلی کا بحران اور گورننس کو بہتر بنا لیں گی۔

یاد رہے کہ اوآئی سی سی آئی پاکستان میں کام کرنیوالی 195 غیرملکی کمپنیوں کی نمائندہ باڈی ہے۔