عمر خالد خراسانی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے نکال دیا گیا

اتوار 7 ستمبر 2014 18:45

عمر خالد خراسانی کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے نکال دیا گیا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے سربراہ ملا فضل اللہ نے مہمند ایجنسی کے سربراہ عمر خالد خراسانی کو تنظیم سے فارغ کردیا ہے ۔عمر خراسانی کو نکالے جانے کے بعد تحریک طالبان میں اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔طالبان ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کے سربراہ ملافضل اللہ کی زیر قیادت تحریک طالبان کا اہم اجلاس ہوا ہے جس میں اہم کمانڈروں سمیت دیگر رہنماء شریک تھے۔

ٹی ٹی پی کے اندرونی ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ملا فضل اللہ کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کا اجلاس ہوا جس میں مہمند ایجنسی کے امیر محمد عرف خالد خراسانی کو نکالنے اور ان کی ٹی ٹی پی کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ خراسانی نے افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر کے خلاف سازش کی اور جناد حفضہ اور احرار الہند نامی خفیہ تنظیموں سے روابط رکھنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے جماعت الاحرار نامی باغی گروہ بھی بنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ اس سے تحریک طالبان پاکستان کی تحریک کے مقاصد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔گزشتہ کچھ دنوں میں عمر خالد خراسانی اور ان کے مہمند ایجنسی کے ساتھیوں نے ٹی ٹی کی قیادت پر طالبان کے نظریات سے منہ موڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹی ٹی پی میں جماعت الاحرار نامی باغی گروپ قائم کیا تھا۔اس گروہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملا فضل اللہ کو اب امیر تسلیم نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کی اطاعت کریں۔جماعت الاحرار نے فاٹا اور ملاکنڈ ڈویژن کی دیگر ہم خیال جماعتوں کی حمایت کا دعویٰ بھی کیا تھا۔