خیبرپختونخوا میں جاری تعمیروترقی کے عمل کومزید تیز کیاجائے،پرویزخٹک،خدمات تک رسائی کے قانون پر عمل درآمدیقینی بننے سے شہریوں کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی کا نیا دور شروع ہوگا،اب سرکاری افسران اپنی جیب سے درخواست گزاروں کو جرمانے اداکرنے کے خوف سے انکا ہر کام وقت پر کرائیں گے،کرپشن کے خاتمے اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے موثر قانون سازی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچے گا،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 8 ستمبر 2014 21:12

خیبرپختونخوا میں جاری تعمیروترقی کے عمل کومزید تیز کیاجائے،پرویزخٹک،خدمات ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے بالخصوص پشاور میں تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کا عزم دہرایا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ خدمات تک رسائی کے قانون پر عمل درآمدیقینی بننے سے شہریوں کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی کا نیا دور شروع ہوگا اب سرکاری افسران اپنی جیب سے درخواست گزاروں کو جرمانے اداکرنے کے خوف سے انکا ہر کام وقت پر کرائیں گے اس قانون کی بدولت آئندہ تمام شعبوں میں خدمات کی فراہمی اور سرکاری اُمور کی انجام دہی میں تاخیر اور لیت و لعل کا مستقل خاتمہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے موثر قانون سازی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچے گا جو پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمارے خلوص نیت کا منہ بولتا ثبوت ہے پشاور میں مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی حکومت صوبے سے کرپشن کی بیخ کنی اور عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ہمارے ٹھوس اقدامات کے نتیجے میں یہاں ہر شعبے میں میرٹ، قانون اور انصاف کا بول بالا ہو گادریں اثناء وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں منعقدہ اجلاس میں پشاور کی خوبصورتی کے عمل کو تیز کرنے اور ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا سینئرصوبائی وزیر بلدیات عنایت الله،صوبائی وزیر معدنیات اور پشاور میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن ضیاء الله آفریدی، وزیر کھیل و سیاحت امجد آفریدی، وزیر جیل خانہ جات ملک قاسم خٹک، رکن صوبائی اسمبلی جاوید نسیم خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے موٹروے انٹر چینج ، رنگ روڈاور چمکنی تا رحمان بابا سکوائر جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف چار چار لین تک کشادگی اور گرین بیلٹ پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ گاہے بگاہے اسکا بذات خود جائزہ لیتے رہتے ہیں اسلئے اُنہیں ہردوسرے تیسرے روز ترقیاتی کام میں واضح بہتری اور پیش رفت نظرآنی چاہیئے اُنہوں نے جی ٹی روڈ پر شام کے اوقات میں لائٹنگ نظام بہترکرنے اور عمارات کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی اسی طرح انہوں نے تاریخی قلعہ بالاحصار کے اطراف میں گرین بیلٹ اور شام کے اوقات میں لائٹنگ سسٹم کی زیادہ بہتر ی کیلئے ایف سی حکام جبکہ چھاؤنی کی حدود میں شاہراہوں اور ٹریفک نظام کو بہتر و مربوط بنانے کیلئے کنٹونمنٹ حکام سے تعاون کی ہدایت بھی کی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکرامتیاز شاہد قریشی کی زیر قیادت ارکان اسمبلی کے وفد نے بھی ملاقات کی اور انہیں صوبے کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جبکہ پرویز خٹک نے اُنکے حل کیلئے مناسب اقدامات کا یقین دلایاانہوں نے واضح کیا کہ موجودہ مالی سال صوبے کے ہر گوشے میں تیز تر تعمیر و ترقی کا سال ثابت ہو گا جس کے دوران مواصلات و تعمیرات، آبنوشی، تعلیم وصحت سمیت تمام شعبوں میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنے گی وزیر اعلیٰ نے صوبے میں ریکارڈ قانون سازی پر ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا اور اُمید ظاہر کی کہ صوبے کی شاندار پارلیمانی روایات کو زندہ رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :