فافن نے الیکشن کمیشن سے انتخابی نتائج کے فارم جاری کرنیکا مطالبہ کر دیا ،عوام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ان دستاویزات کی شہریوں تک رسائی ان کا آئینی اور قانونی حق ہے ، بیان

جمعرات 11 ستمبر 2014 19:52

فافن نے الیکشن کمیشن سے انتخابی نتائج کے فارم جاری کرنیکا مطالبہ کر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک(فافن) نے ایک آن لائن مہم کا آغاز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات کے نتائج کی متعلقہ اہم دستاویزات کو بلا تاخیر اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے ۔فافن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فارمز پر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کی گنتی، بیلٹ پیپرز کے اعدادوشمار، نتائج کی ترتیب کے ریکارڈ سمیت دیگر تمام اہم معلومات موجود ہیں۔

عوام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ان دستاویزات کی شہریوں تک رسائی ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ان دستاویزات کا اجرا الیکشن کمیشن کے عوام کے ساتھ وعدوں اور انتخابی شفافیت کو پورا کرنے کیلئے لازم ہے۔فافن نے جن دستاویزات تک شہریوں کی رسائی کا مطالبہ کیا ان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کیلئے فارم 14(گنتی کا گوشوارہ)، فارم 15(بیلٹ پیپر کے حساب کا گوشوارہ)، فارم 16 (گنتی کے مجموعے کا گوشوارہ) فارم 17(گنتی کے نتیجے کا گوشوارہ اور اس کے علاوہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں میں کی گئی پولنگ اسکیم شامل ہے۔

(جاری ہے)

فافن اور سیاسی جماعتوں کے بارہا مطالبوں کے باوجود الیکشن کمیشن کی طرف سے ابھی تک یہ دستاویزات عوامی معائنے کیلئے جاری نہیں کی گئیں جبکہ یہ دستاویزات عام انتخابات کے بامعنی تجزیے کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔فافن نے کہا کہ عام انتخابات 2013 کے معیار اور شفافیت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دینے کیلئے ان تمام اہم دستاویزات کا عوامی معائنے کے لیے اجرا ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :