عالیشان پاکستان نمائش کے باہر انتہا پسند ہندو تنظیموں کا دھرنا

ہفتہ 13 ستمبر 2014 16:23

عالیشان پاکستان نمائش کے باہر انتہا پسند ہندو تنظیموں کا دھرنا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کے افتتاح کے روز انتہا پسند ہندو تنظیموں نے نمائش گاہ کے داخلی دروازے پر دھرنا دے دیا جس سے پہلے روز پاکستانی مندوبین اور شرکا کو نمائش گاہ تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نمائش کے خلاف نفرت آمیز رویے اور احتجاج کے سبب پہلے روز ٹریڈ وزیٹرز کی تعداد انتہائی محدود رہی، وفاقی وزارت تجارت کے تحت ہونےوالی نمائش میں کسی اعلیٰ حکومتی شخصیت نے بھی شرکت نہیں کی اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے نمائش کا افتتاح کیا۔

حکومت کی جانب سے منتظمین کو سیلاب کے باعث قیمتی جانی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے نمائش سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم منتظمین نے میوزک اور فیشن شو کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور ایک روز قبل ہی رنگا رنگ رونق میلہ شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

نمائش میں شریک پاکستانی ایکسپورٹرز نے میڈیا کو بتایا کہ تجارت کے فروغ کے نام پر فیشن کو فروغ دیا جارہا ہے اور منتظمین کی تمام توجہ فیشن انڈسٹری کو پروموٹ کرنے پر مرکوز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سیکرٹری رابعہ جویری اپنے بھائی ٹیپو جویری کےساتھ فیشن ڈیزائنرز تک ہی محدود رہیں جس سے لاکھوں روپے خرچ کرکے تجارت کے مواقع بڑھانے کے خواہشمند تاجروں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :