ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک بار پھر کم ہو کر 47ہزار روپے کی سطح پر آگئی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 19:28

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک بار پھر کم ہو کر 47ہزار ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) کاروباری ہفتہ کے آخری روز عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید کم ہوگئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک بار پھر کم ہو کر 47ہزار روپے کی سطح پر آگئی۔ ہفتہ کو 8ڈالر کی کمی سے عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1230ڈالر پر آگئی جس کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 100روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کراچی‘ حیدرآباد‘ لاہور‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 48 ہزارروپے سے کم ہو کر 47ہزار900روپے ہو گئی اسی طرح 85روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 41ہزار 57روپے پر آگئی جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی فی تولہ قیمت 740روپے کی سطح پر ہفتہ کے روز بھی برقرار رہی۔