ہیڈ محمدوالا خیمہ بستی میں پہلا میکینکل تندور نصب کردیا گیا،

”تینوں رب دیاں رکھاں“ تازہ روٹی ملنے پرمتاثرین کی شہبازشریف کو دعائیں، وزیراعلیٰ نے متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر روٹی کھائی

ہفتہ 13 ستمبر 2014 21:44

ہیڈ محمدوالا خیمہ بستی میں پہلا میکینکل تندور نصب کردیا گیا،

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مظفرگڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی کا آج پھر دورہ کیا ۔خیمہ بستی میں وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے پہلا میکینکل تندور نصب کردیا ہے جس سے انتہائی کم وقت میں زیادہ روٹیاں تیارہوتی ہیں۔میکینکل تندور کے ذریعے روٹیاں ملنے پر خیمہ بستی میں موجود مرد اور خواتین نے انتہائی خوشی کا اظہار کیااوران کے چہرے مسرت سے تمتما رہے تھے۔

متاثرین نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو دعا ئیں دیتے ہوئے کہا کہ ”تینوں رب دیاں رکھاں“ وزیراعلیٰ نے خیمہ بستی میں متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر روٹی کھائی اور تعریف کی۔خیمہ بستی میں میکینکل تندور کی تنصیب اورمتاثرین کو تازہ روٹیوں کی فراہمی اوردیگر انتظامات میں بہتری پر وزیراعلیٰ نے سخت الفاظ میں انتظامیہ سے استفسار کیا جو کام آج ہوا ہے وہ پہلے کیوں نہیں ہوسکتا تھا؟ کیا غریبوں کوروٹی پہنچانے کیلئے میرا ہر جگہ پہنچنا ضروی ہے؟میں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کیلئے مارا مارا پھر رہا ہوں اور ہر جگہ پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں لیکن میں کہاں کہاں تک پہنچ سکتا ہوں؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ خیمہ بستی میں متاثرین کو سالن اورروٹی کی فراہمی اسی طرح جاری رہنی چاہیے اوردیگر امدادی کیمپس میں بھی اسی طرح کے میکینکل تندور لگائے جائیں اور جہاں ممکن نہیں وہاں پر عام تندور لگائیں۔