عالمی شہرت یافتہ آف اسپنر سعید اجمل کے ورلڈ کپ میں پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہونے کے امکانات بہت کم ہیں ، پی سی بی

پیر 15 ستمبر 2014 17:05

عالمی شہرت یافتہ آف اسپنر سعید اجمل کے ورلڈ کپ میں پاکستانی سکواڈ کا ..

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15 ستمبر2014) پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے خیال میں اس بات کا بہت کم امکان ہے کہ عالمی شہرت یافتہ آف اسپنر سعید اجمل ورلڈ کپ میں پاکستانی پلان کا حصہ ہوں گے۔پی سی بی کے سربراہ شہریار خان کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کھیلنا سعید اجمل کے لئے آسان کام نہیں ہیں۔اس کے باوجود پی سی بی نے سعید اجمل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا کیریئر بچانے کے لئے انہیں ورلڈ کلاس ماہرین اور دنیا کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برسبین کی رپورٹ میں تمام شواہد سعید اجمل کے خلاف ہیں لیکن سعید نے پی سی بی کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنا بولنگ ایکشن کلیئر کرانے کے بعد ٹیم میں واپس آجائینگے۔ پی سی بی نے بھاری معاوضے پر ایک ماہ کے لئے ماضی کے عظیم آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

بعدمیں انہیں ایک ہفتے کے لئے آسٹریلیا بھیجاجائے گا ، برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا ایک اور معائنہ ہوگا۔

انہوں نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پابندی لگنے کے بعد قومی اکیڈمی میں پی سی بی کے ماہرین کو رپورٹ کردی ہے، اور ہیڈ کوچ محمد اکرم سے ملاقات کی ہے۔ ان کے ایکشن کی بہتری کے لئے پیر سے کام شروع ہوگا۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ رپورٹ میں سعید اجمل کا پورا بولنگ ایکشن ڈبل سے بھی زیادہ خراب ہے۔تمام سائنٹیفیک شواہد ان کے خلاف ہیں اس کے باوجود ہم نے انہیں بھرپور مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی اب میڈیکل بنیاد پر شواہد کواہمیت نہیں دیتی۔

متعلقہ عنوان :