ڈاکٹرز کی ہڑتال، ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی میں مزید 4 مریض جاں بحق

پیر 15 ستمبر 2014 17:31

ڈاکٹرز کی ہڑتال، ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی میں مزید 4 مریض جاں بحق

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وہاڑی کے ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی، طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض دم توڑ گئے، اسی اسپتال میں گزشتہ دنوں 7 نومولود بچے بھی آکسیجن نہ ملنے سے دم توڑ گئے تھے۔ وہاڑی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ڈاکٹرز نے بچوں کی ہلاکت پر مقدمات قائم ہونے پر ہڑتال کردی، 4 روز کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مریض تڑپ رہے ہیں، مائیں اپنے بچوں کی جان بچانے کیلئے دہائیاں دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی کا چلڈرن آئی سی یو بھی 4 روز سے بند ہے جہاں گزشتہ دنوں آکسیجن نہ ملنے پر 7 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ سماء سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ڈی سی او اور مقامی پارلیمنٹیرین سے رابطے میں ہیں، ڈاکٹرز پر مقدمہ درج نہیں کیا جانا چاہئے تھا تاہم اس بات کی سزا غریب مریضوں کو دینا درست نہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ڈاکٹرز سے اپیل کرسکتا ہوں انہیں ڈکٹیٹ نہیں، انہیں چاہئے کہ مریضوں کا علاج جاری رکھیں، کل تک معاملہ حل کرلیں گے۔