وزیر اعظم کے دورہ کے بعد سیلابی علاقوں سے متاثرین کے لئے قائم کی گئی خیمہ بستیاں ختم،

رجسٹرڈ سیلاب متاثرین کو رہائشی علاقوں میں امداد فراہمی‘ غیر رجسٹرڈ متاثرین امداد سے محروم رہ گئے

پیر 15 ستمبر 2014 23:13

وزیر اعظم کے دورہ کے بعد سیلابی علاقوں سے متاثرین کے لئے قائم کی گئی ..

حیدر آباد ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) وزیر اعظم پاکستان کے دورہ کے بعد سیلابی علاقوں سے متاثرین کے لئے قائم کی گئی خیمہ بستیاں ختم‘ رجسٹرڈ سیلاب متاثرین کو رہائشی علاقوں میں امداد فراہمی‘ غیر رجسٹرڈ متاثرین امداد سے محروم رہ گئے‘ جبکہ وزیر اعظم دورہ سیال موڑ کے موقعہ پر دیگر تحصیلوں سے خیمے لا کر لگائے گئے‘ دورہ ختم ہوتے ہی اکھاڑ لیے گئے‘ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے سیال موڑ چک خانو کا مختصر دورہ کیا‘ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی‘ امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا‘ تا ہم وزیر اعظم کے چلے جانے کے بعد دو روز بعد ہی اس علاقے میں قائم خیمہ بستیاں ختم کر کے خیمے اتار لیے گئے‘ اس موقعہ پر یہ بھی انکشاف ہوا کہ وزیر اعظم کے دورہ کے موقعہ پر زیادہ سے زیادہ خیمے لگا کر بستیاں شو کرنے کے لئے تحصیل کوٹمومن کے علاوہ دیگر تحصیلوں سے بھی لگے ہوئے خیمے وہاں پر منگوا کر لگائے گئے‘ تا کہ وزیر اعظم کو پتہ چلے کہ بہت زیادہ تعداد میں خیمے لگا کر بستیاں قائم کی گئی ہیں‘ اسی طرح اب خیمہ بستیاں ختم کر کے لوگوں کو ان کے علاقوں میں واپس بھجوایا جا رہا ہے‘ کیونکہ ان علاقوں میں سیلابی پانی کافی کم ہو گیا ہے‘ ذرائع کے مطابق اب ان علاقوں میں ایسے سیلاب متاثرین جو رجسٹرڈ کیے گئے ہیں ان کو حکومتی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے‘ جبکہ صرف رجسٹرڈ متاثرین کو ہی امداد مل رہی ہے‘ جو لوگ رجسٹرڈ نہ ہو سکے‘ وہ امداد سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :