سعودی دولہا سے لڑکی کے بھائی نے جہیز میں آئی فون 6 دینے کی فرمائش کر دی

جمعرات 18 ستمبر 2014 11:54

سعودی دولہا سے لڑکی کے بھائی نے جہیز میں آئی فون 6 دینے کی فرمائش کر ..

ریا ض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر۔2014ء)سعودی عرب میں برقی مواصلات کے جدید آلات کی مانگ کتنی زیادہ اور کیوں ہے۔اس کا اندازہ اس واقعہ سے کیا جاتا ہے کہ ایک دولہاسے بھی لڑکی کے بھائی نے شادی کے لیے جہیز کے طور پر آئی فون 6 دینے کی فرمائش کردی ہے۔ایک سعودی شخص نے اپنی بہن کے منگیتر سے کہا ہے کہ وہ جہیز کے طور پر اس کو آئی فون 6 دے۔اگر اس نے یہ تقاضا پورا نہیں کیا تو پھر اس کی شادی بھی نہیں ہو سکے گی۔

اس ممکنہ دولھا سے کہا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے گذشتہ ہفتے متعارف کرایا گیا فون سعودی مارکیٹ میں جونہی دستیاب ہوتا ہے تو وہ اس کو خرید کرکے لائے۔ایپل کا یہ نیا فون سعودی مارکیٹ میں آنے میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔عرب دنیا اور ایشیائی ممالک میں جہیز دینے کی روایت بہت پرانی ہے اور علماء اور دینی اسکالروں کی جانب سے جہیز کے خاتمے کے لیے فتاویٰ اور خطبات کے باوجود یہ رسم بد ختم نہیں ہوسکی ہے اور بہت سے خاندان بیش قیمت جہیز دینے پر اصرار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیشترعرب ممالک میں بالعموم دْلھا لڑکی والوں کو جہیز میں تحفے وتحائف یا نقد رقوم دیتا ہے جبکہ پاکستان سمیت ایشیائی ممالک میں والدین اپنی بیٹی کو بیاہتے وقت بیش قیمت جہیز دیتے ہیں۔اس رسم کی وجہ سے بہت سے غریب اور متوسط خاندانوں کی بیٹیاں ہاتھ پیلے ہونے کے انتظار میں بوڑھی ہوجاتی ہیں اور عمر ڈھلنے کے بعد ان سے کوئی شادی کو تیار نہیں ہوتا ہے۔