وزیر اعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزرا اور (ن) لیگ کے اراکین اسمبلی کی پی پی 162 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن کے دوران انتخابی مہم میں مداخلت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

جمعہ 19 ستمبر 2014 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزرا اور ن لیگ کے اراکین اسمبلی کی پی پی 162 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن کے دوران انتخابی مہم میں مداخلت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پی پی ایک سو باسٹھ سے آزاد امیدوار عثمان نثار نے ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بائیس ستمبر کو پی پی ایک سو باسٹھ شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن کیلئے بائیس ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے جس میں ن لیگ کی طرف سے حسن ریاض الیکشن لڑ رہے ہیں، درخواست کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین، ایم این اے رانا افضل اور دیگر اراکین اسمبلی انتخابی مہم پر اثر انداز ہو رہے ہیں جبکہ متعلقہ حلقہ کیلئے دس کروڑ کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری کئے گئے ہیں، درخواست کے مطابق ن لیگ نے ضمنی الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت کر کے ضمنی انتخاب کی تاریخ میں بھی توسیع کروا کر نئی تاریخ بائیس ستمبر کروا لی ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت ن لیگ کے وزرا اور اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم پر اثر انداز ہونے سے روکا جائے ، درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ انتخابی مہم پر اثر انداز ہونے کی بنیاد پر ایم این اے رانا افضل کو نااہل قرار دیا جائے ۔