گنگولی پاک بھارت باہمی مقابلوں کی کمی پر افسردہ

ہفتہ 20 ستمبر 2014 15:17

گنگولی پاک بھارت باہمی مقابلوں کی کمی پر افسردہ

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی انٹرنیشنل سطح پر پاک بھارت مقابلوں کی کمی پر افسردہ ہیں۔ان کے مطابق دونوں ممالک کے مابین کرکٹ روابط جلد بحال ہونے چاہیئں۔ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد سے روایتی حریفوں کی باہمی سیریز اب تک معطل ہے لیکن حال ہی میں اس حوالے سے حوصلہ افزا خبریں سامنے آئیں، دونوں اطراف کے کرکٹ حکام آئندہ برس مقابلوں کے خواہشمند ہیں، بھارتی بورڈ نے پاکستان سے سیریز کی بحالی کیلیے اپنی حکومت سے اجازت بھی طلب کرلی ہے۔

سارو گنگولی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاک بھارت سیریز ایشز سے بڑی ہے۔اس میں دونوں اطراف کے کھلاڑی سردھڑ کی بازی لگا دیتے ہیں، یہی بات اسے دوسرے ایونٹس سے ممتاز رکھتی ہے۔ روایتی حریفوں کے مابین مقابلوں میں تعطل انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے بھی افسوسناک ہے ، میں پْرامید ہوں کہ دونوں ممالک کے حکام جلد ازجلد اس مسئلے کو حل کرلیں گے اوردنیائے کرکٹ کی 2 عظیم ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئینگی۔

(جاری ہے)

گنگولی نے اپنے کیریئر کے یادگار لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2004 میں پاکستان کا دورہ کبھی نہیں بھول سکتا، ہم کافی عرصے بعد پڑوسی ملک گئے تھے، وہاں کی عوام نے والہانہ استقبال کیا، ہر کوئی ہمیں سر آنکھوں پر بٹھا رہا تھا۔انھوں نے کہا کہ چند روزپہلے میں اور وسیم اکرم ان دنوں کی یادیں تازہ کررہے تھے، میں نے ان سے کہا کہ وہ خوش وار یادیں بھولنا چاہیں بھی تو نہ بھول پائیں گے۔ سری لنکا کیخلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ وہ ملک جس نے ہر دور میں بہترین ٹیلنٹ متعارف کرایا کیسے اس طرح ہار گیا، میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تو سعید انور، انضمام الحق اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز بیٹسمین موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :