دھرنا دینے والے کبھی ملک وقوم کے مخلص نہیں ہو سکتے،محمد شہباز شریف

ہفتہ 20 ستمبر 2014 15:34

دھرنا دینے والے کبھی ملک وقوم کے مخلص نہیں ہو سکتے،محمد شہباز شریف

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنہ دینے والے کبھی بھی ملک وقوم کے مخلص نہیں ہو سکتے ۔یہ وقت دھرنوں کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد اور ملک و قوم کی خوشحالی کا ہے۔ حکومت ان متاثرین کی بحالی کے لئے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ جب تک یہ متاثرین واپس اپنے گھروں کو نہیں لوٹ جاتے میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

یہ غریب متاثرین درحقیقت پاکستان کا عظیم سرمایہ اور اثاثہ ہیں جنہیں ہم کسی صورت بھی مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد کے قصبہ ونیکے تارڑ اور بہک احمد یار میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ، ممبران صوبائی اسمبلی ملک فیاض احمد اعوان، چوہدری اسداللہ آرائیں، کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری افضل حسین تارڑ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی ونیکے تارڑ آمد پر ڈی سی او محمد عثمان نے انہیں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقے بہک احمد یارکا بھی دورہ کیا اس موقع پر متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کو عید سے قبل خصوصی عید پیکیج بھی دیا جائے گا جبکہ حکومت ان کی فصلوں کا نقصان بھی پورا کرے گی اور انہیں گھر تعمیر کر کے دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جتنی تباہی ہوئی اس سے پورا پنجاب متاثر ہوا لیکن حکومت اپنے ان متاثرین بہن بھائیوں کو نا تو تنہا چھوڑے گی اور نہ ہی انہیں مایوس کرے گی۔ انہیں کھانے پینے اور صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر دھرنوں کی وجہ سے ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں یہ سیاسی عناصر کسی صورت بھی پاکستانی قوم کے ساتھ نہیں ان کا مقصدصرف ذاتی مفاد اور اقتدار ہے۔

اگر وہ پاکستانی قوم کا اتنا ہی درد رکھتے ہیں تو انہیں بھی سیلاب میں پھنسی عوام کا دکھ درد جاننے کے لئے ان کے پاس آنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے کمشنر اور ڈی سی او کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ہر قسم کی میڈیکل سہولیات اور بالخصوص ان علاقوں میں مچھر مار سپرے اور ادویات فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں بریفنگ کے دوران ڈی سی او نے بتایا کہ سیلاب سے حافظ آباد کے 155دیہات اور تقریبا2لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی جبکہ 10افراد سیلاب کے باعث جاں بحق ہوئے جنہیں فی کس 16لاکھ روپے کے امدادی چیک دے دیئے گئے ہیں جبکہ پہلے مرحلے کے دوران 15ہزار خاندانوں کو خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے جبکہ راشن کی تقسیم کا دوسرا مرحلہ چند دنوں تک شروع کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :