عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا نیویارک میں بھی دھرنے کااعلان ،

پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک ہی ہیں ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے نیب کیسز بھی جلد ختم ہونے جارہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 ستمبر 2014 19:33

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا نیویارک میں بھی دھرنے کااعلان ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نیویارک میں بھی دھرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ درحقیقت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ہی ہیں ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے نیب کیسز بھی جلد ختم ہونے جارہے ہیں  نواز شریف کو کسی نے نہیں بچانا، وہ خود جمہوریت کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہیں ۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ ملک میں کوئی بھی سیاستدان ایسانہیں ہے جو فوج کے گھونسلے سے پیدانہیں ہوا، نواز شریف خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چارکی پیدائش ہیں ، وہ کس منہ سے طعنے دیتے ہیں ۔

اْنہوں نے کہاکہ نواز شریف جہاں جہاں جائیں گے ، دھرنے بھی ساتھ ہوں گے ، نواز شریف کے دورہ امریکہ کے موقع پر نیویارک میں بھی دھرناہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کیلئے نکلے ہیں جو لاقانونیت کی بھینٹ چڑھے ہیں ، مسائل میں گھرے عوام کی جنگ لڑرہے ہیں ، کسی کے خلاف نہیں ،لاقانونیت کیخلاف سیاسی اعلان جنگ ہے ، نواز شریف کیساتھ سارے ایک دوسیٹر پارلیمنٹیرین ہیں جن میں سے کئی کے پاس دو چار ہی اسمبلی نشستیں ہیں جبکہ آٹھ ون سیٹر ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اب سیاسی جرگے کو السلام علیکم ، شیخ رشید پر کوئی الزام نہیں ،تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور عمران خان کی ذات تک ذاتی تعلق ہے ، نواز شریف کے خلاف ایجنڈا ایک ہے ، حکومت کی قربانی ہونی چاہیے ، عوام کی نہیں ۔ اْنہوں نے کہاکہ کراچی کا جلسہ تاریخی ہوگا، عمران خان خود بھی شرکت کیلئے کراچی آرہے ہیں۔