مسجد نبوی کی اولین توسیع،تصاویر اور نقشوں کی نیلامی ،

ڈرائنگز میں کنکریٹ کے ستونوں اور شہتیروں کی لمبائی،سنگ مرمر ،کھڑکیوں اور دروازوں کی تمام تفصیل بیان کی گئی ہیں

ہفتہ 20 ستمبر 2014 19:51

مسجد نبوی کی اولین توسیع،تصاویر اور نقشوں کی نیلامی ،

مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء)مدینہ منورہ میں 1950 کے عشرے میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی توسیع سے متعلق تصاویر ،نقشوں اور خاکوں کو دنیا کے مشہور نیلام گھر سوتھبی کے ذریعے بولی میں فروخت کیا جارہا ہے۔سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز آل سعود نے اپنے دور حکومت میں 1951 میں مسجد نبوی کی ازسر نوتعمیر وتوسیع کا حکم دیا تھا۔

تب توسیعی عمارت کا ڈیزائن مصری ماہرتعمیرات فہمی مومن بے نے تیار کیا تھا۔ان کی مسجد نبوی کے توسیعی نقشے کی بنائی ہوئی باون ڈرائینگز اور دوسو سولہ تصاویر کو ان کا خاندان اب نجی طور پر نیلام کررہا ہے۔سوتھبی میں مسودات اور کتب کے ماہر رچرڈ فطورینی نے عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بعض ڈرائنگز میں کنکریٹ کے ستونوں اور شہتیروں کی لمبائی، چوڑائی اور ان پر کندہ کاری، سنگ مرمر ،کھڑکیوں اور دروازوں کی تمام تفصیل بیان کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ان نقشوں کو خود آرکٹیکٹ نے بنایا تھا۔ان کو مسجد میں تعمیراتی کام کے دوران عمارتوں کی جگہ پر روزانہ ہی کھولا اور لپیٹا جاتا تھا۔ مسجد نبوی کا1951 میں شروع ہونے والا یہ توسیعی منصوبہ 1955 میں مکمل ہوا تھا۔اس کی تکمیل کے بعد مسجد میں بیک وقت اٹھائیس ہزار نمازی باجماعت نماز ادا کرسکتے تھے۔مومن بے کے خاندان نے یہ تمام تصاویر اور نقشے قریبا ساٹھ سال تک اپنے پاس محفوظ رکھے ہیں اور انھوں نے حال ہی میں انھیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے انھوں نے سوتھبی سے رابطہ کیا ہے۔

اس خاندان کا کہنا ہے کہ اس کے نزدیک یہ ایسی دستاویز ہیں جنھیں کسی جامعہ یا عجائب گھر میں ہونا چاہیے تا کہ زیادہ سے زیادہ محققین، طلبہ اور عام لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔