اسلام آباد دھرنوں کیلئے پولیس کا سیکیورٹی پلان مسترد

اتوار 21 ستمبر 2014 19:28

اسلام آباد دھرنوں کیلئے پولیس کا سیکیورٹی پلان مسترد

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء) وفاقی دارلحکومت کے نئے چیف کمشنر ذوالفقار حیدر نے پولیس کی جانب سے ریڈزون میں دھرنے کی سیکورٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مستردکردیا اور نیاسیکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کردی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نئے سیکیورٹی پلان کیلئے چیف کمشنر نے پولیس کو صرف دو دن کاوقت دیا ہے۔

سول انتظامیہ کے ایک اعلی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نجی ٹی وی کو بتایا کہ ہفتہ کو بعد از دوپہر اجلاس میں قائم مقام آئی جی طاہرعالم سمیت دیگر پولیس حکام، ڈپٹی کمشنر مجاہد شیر دل، سول انتظامیہ کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیس نے جب سیکیورٹی پلان پیش کیا تو چیف کمشنر نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے سوال اٹھایا کہ اگر ریڈزون کی خیمہ بستی میں آگ لگ گئی یاکوئی دھشتگردی ہوگئی تو خواتین اور بچوں کو کس طرح محفوظ طریقے سے نکالا جائے گا کیونکہ دونوں اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر کے سوال پرپولیس حکام کوئی واضع جواب نہ دے سکے جس کے بعد ذوالفقار حیدر نے پولیس حکام کو دو دن یعنی سوموار تک نیا سیکیورٹی پلان ترتیب دے کر پیش کرنے کی ہدایات کر دی اور آج یعنی اتوار کو حالات کا جائزہ لینے کیلئے چیف کمشنر خود ریڈ زون میں پہنچ گئے۔دوسری جانب اتوار کو ہی عوامی تحریک کے چندکارکنوں کی پارلیمنٹ ہاوس کے قریب بڑھنے کی اطلاع پر پولیس حکام کی دوڑیں لگ گئی اور قائم مقام آئی جی طاہرعالم قائم مقام ایس ایس پی میرواعظ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے سامنے پہنچے تو چندخیمے نصب ہوچکے تھے تاہم پولیس حکام نے مزاکرات کئے جس پر عوامی تحریک کے کارکنوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کے قریب سے خیمے ہٹا لئے۔

متعلقہ عنوان :