سعودی عرب میں دنیا کا بلند اور منفرد پرچم تیار

پیر 22 ستمبر 2014 12:11

سعودی عرب میں دنیا کا بلند اور منفرد پرچم تیار

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) قومی فریضے کے تحت سعودی عرب میں ایک طویل وعریض پرچم تیار کیا گیا ہے جو دنیا کا سب سے بلند ترین پرچم بھی قرار دیا گیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اس منفرد سعودی قومی پرچم کی ایک ویڈیو فوٹیج موصول ہوئی ہے۔ فوٹیج میں عبدالطیف جمیل نامی ایک شہری کی کاوش سے تیارکردہ پرچم کو سعودی عرب کے 84 ویں قومی دن کے موقع پر قوم کے نام ہدیہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں قومی دن پرسوں منگل کو منایا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے اس بلند ترین پرچم کو 170 میٹر اونچے فلیگ پول پر جدہ میں شاہراہ اندلس کے کنارے واقع خادم الحرمین الشریفین گراؤنڈ میں لہرایا گیا ہے۔ پرچم کی لمبائی 49 اعشاریہ پانچ اور چوڑائی 33 میٹر ہے جس میں مجموعی طور پر 1635مربع میٹر کپڑا استعمال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پرچم کا وزن 750کلو گرام ہے۔

چھبیس ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط خادم الحرمین الشریفین گرانڈ میں لہرائے گئے سعودی قومی پرچم پر کھجور اور دو تلواروں کا نشان دور سے دکھائی دیتا ہے۔منفرد پرچم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر شریف البحار نے میڈیا کو بتایا کہ بھاری بھرکم جھنڈے کو تھامنے کیلئے جدید آلات سے آراستہ 500ٹن لوہے سے ایک بڑا پول تیار کیا گیا ہے۔ پول پر چڑھنے کیلئے اس کیساتھ ایک سیڑھی بھی بنائی گئی ہے جس کے ذریعے جھنڈے کو اس کی چوٹی تک با آسانی پہنچایا جا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں البحار کا کہنا تھا کہ پرچم کو ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے گردش دینے، ہوا کے رخ پر موڑنے، نمی کا تناسب معلوم کرنے، شدید بارش کے منفی اثرات سے بچانے، پول کی چوٹی پر ہوائی جہازوں کی رہ نمائی کے لیے وارننگ لائٹ، تیز ہوا سے اور آتش زدگی سے حفاظت کا بھی انتظام موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :