اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا،وزیراعظم نوازشریف جمعہ کو خطاب کریں گے،اجلاس میں عراق اور شام میں جاری کشیدہ صورتحال،داعش کے تشدد، ایرانی جوہری پروگرام زیرغورآئیں گے

پیر 22 ستمبر 2014 18:47

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا،وزیراعظم نوازشریف جمعہ ..

اسلام آباد/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا انسٹھواں اجلاس شروع ہوگیا جس میں دنیا بھر سے ایک سو بیس ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف کریں گے اورجمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے پہلے مختلف ممالک کے سربراہوں نے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مصر اور میکسیکو کے صدور کیوبا اور الجیریا کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوئے۔ اس دوران اقوام متحدہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ایک سو بہتر پروگرامز پر غور کیا گیا، جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عراق اور شام میں جاری کشیدہ صورتحال اور اسلامک اسٹیٹ کے تشدد، ایران کے جوہری پروگرام پر جاری مذاکرات میں تعطل کے خاتمے اور افریقہ میں مہلک وائرس ایبولا کے پھیلاوٴ کی روک تھام زیر غور آئیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایبولا کو بین الاقوامی امن کے لئے خطرہ قرار دے چکی ہے۔ آج(منگل کو) ہونے والے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث نقصانات سے بچاوٴ پر بات کی گئی۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف چوبیس ستمبرکو امریکا روانہ ہوں گے اور چھبیس ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔