داعش کے زیر کنٹرول علاقوں میں محرم کے بغیر عورت کے گھر سے نکلنے پر پابندی عائد،زیرکنٹرول علاقوں میں ہرچیز کا رنگ سیاہ، تعلیم، صحت، پانی و بجلی، مذہبی امور اور دفاع کی وزارتیں بھی قائم

پیر 22 ستمبر 2014 20:26

داعش کے زیر کنٹرول علاقوں میں محرم کے بغیر عورت کے گھر سے نکلنے پر پابندی ..

بیر وت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے زیر کنٹرول علاقوں میں ہر چیز سیا ہ رنگ کی ہے، مردوں کی پگڑیا ں ہو یا خواتین کے برقعے حتی کہ اسلامک اسٹیٹ نے کئی علاقوں میں تو سیاہ رنگ کے پاسپورٹ تک جاری کر دئے ہیں۔ فرانسیسی ٰخبررساں ادارے کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کا گڑھ سمجھے جانے والے صوبہ رقعہ میں سرگرم ایک کارکن ابو یوسف کے بقول ہر جگہ داعش کے سیاہ جھنڈے موجود ہیں، خواتین سر سے لے کر پاں تک کالے رنگ کے برقعے پہنتی ہیں اور انہیں صرف اسی صورت میں گھر سے نکلنے کی اجازت ہے کہ جب ان کے والد، بھائی یا خاوند ان کے ہمراہ ہوں۔

یوسف نے مزید بتایا کہ جنگجو سڑکوں پر کلاشنکوف لئے گشت کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ان افراد کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے جو باقاعدہ لڑائی کا حصہ نہ بنتے ہوں جنگجوں نے زندگی کے ہر شعبے پر سخت کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور مرد و خواتین کے امور پر بھی ان جنگجوں کی سخت نگرانی ہے، خانسہ بریگیڈمیں اسلامک اسٹیٹ کی خواتین ارکان شامل ہیں اس بریگیڈ کی اراکین مسلح ہوتی ہیں اور انہیں اختیار ہے کہ وہ سڑک پر کسی بھی خاتون کو روک کر اس کی تلاشی لے سکیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مردوں کے معاملات کا نگران حسبیح بریگیڈ ہے۔ تعلیم، صحت، پانی و بجلی، مذہبی امور اور دفاع جیسے متعدد دیگر شعبوں کیلئے وزارتیں بھی قائم کر رکھی ہیں جو سابقہ سرکاری عمارات میں کام کر رہی ہیں۔