معروف غزل گو شاعر تابش دہلوی کی دسویں برسی منائی گئی

منگل 23 ستمبر 2014 13:55

معروف غزل گو شاعر تابش دہلوی کی دسویں برسی منائی گئی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) اردو کے معروف غزل گو شاعر تابش دہلوی کی دسویں برسی منائی گئی۔ تابش دہلوی نے 23 ستمبر 2004 کو کراچی میں وفات پائی۔ اردو کے مایہ ناز غزل گو شاعر، دانشور اور براڈ کاسٹر مسعود الحسن تابش دہلوی نے 9 نومبر 1910 کو دہلی کے علمی گھرانے میں جنم لیا۔ انہوں نے پہلا شعر تیرہ برس کی عمر میں کہا۔ ان کی پہلی غزل 1931 میں دہلی کے معروف جریدے ساقی میں شائع ہو ئی۔

تابش دہلوی نے 1932 میں پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ 1939 میں آل انڈیا ریڈیو سے منسلک ہو ئے۔ ان کا آڈیشن پطرس بخاری نے لیا اور انہیں پروگرام اناونسر کے لئے منتخب کیا۔ جس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے خبریں پڑھنا بھی شروع کر دیں۔ 1947 میں قیام پاکستان کے تاریخی اعلان کی خبر تابش دہلوی نے ہی ترتیب دی تھی۔

(جاری ہے)

تابش دہلوی تقسیم ہند کے بعد ہجرت کر کے پاکستان آگئے اور اپنی زندگی ریڈیو پاکستان کے لئے وقف کر دی۔

شاعری میں آپ نے فانی بدایونی سے اصلاح لی۔ حکومت پاکستان نے تابش دہلوی کی علمی خدمات کے صلے میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا۔ ان کے شعری مجموعوں میں نیم روز، چراغ صحرا، غبار انجم، گوہر انجم، تقدیس، ماہ شکستہ اور دھوپ چھاؤں شامل ہیں۔ نثری تصانیف میں دید باز دید شامل ہیں۔ 23 ستمبر 2004 کو تابش دہلوی کراچی میں وفات پا گئے اور سخی حسن کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

معروف غزل گو شاعر تابش دہلوی کی دسویں برسی منائی گئی