افغانستان کے سبکدوش ہونے والے صدر کی امریکہ اور پاکستان پر سخت تنقید، جب تک امریکہ اور پاکستان نہیں چاہیں گے اس وقت تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا‘ حامد کرزئی

منگل 23 ستمبر 2014 20:42

افغانستان کے سبکدوش ہونے والے صدر کی امریکہ اور پاکستان پر سخت تنقید، ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) افغانستان کے سبکدوش ہونے والے صدر حامد کرزئی نے امریکہ اور پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک امریکہ اور پاکستان نہیں چاہیں گے اس وقت تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا‘ امریکی یہاں امن نہیں چاہتے ان کا اپنا ایجنڈا ہے‘ افغانستان میں جاری جنگ ہماری لڑائی نہیں بلکہ یہ ہم پر مسلط کی گئی ہے۔

منگل کو اپنے اختتامی خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ جنگ میں طوالت کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ نئی حکومت کو امریکہ اور مغرب سے تعلقات کے حوالے سے انتہائی ہوشیار رہنا ہوگا۔ کرزئی نے کہا کہ امریکیوں کا اپنا ایجنڈا اور مقاصد ہیں اس لئے وہ نہیں چاہتے کہ یہاں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طاقت ور کھلاڑی افغانستان کی خارجہ پالیسی کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں اور آج میں ایک مرتبہ پھر یہ کہتا ہوں کہ افغانستان میں جاری جنگ ہماری نہیں بلکہ ہم پر مسلط کی گئی ہے اور ہم اس کا شکار ہیں جب تک امریکہ اور پاکستان نہیں چاہیں گے یہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں کم از کم بیس مرتبہ پاکستان گیا ہوں اور ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے جنگ کے خاتمے کی بات کی ہے لیکن میری کوششوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ کرزئی نے آئندہ چند روز کے دوران صدارت کا منصب نئے منتخب صدر اشرف غنی کے حوالے کرنا ہے اور حامد کرزئی ماضی میں بھی بہت سے مواقع پر امریکہ اور پاکستان پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔