اب تک کوئی شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا، اب بھی پارٹی کا منتخب صدر ہوں،جاوید ہاشمی،

شاہ محمود اورجہانگیر ترین پارٹی کے غیر آئینی عہدیدار ہیں،کسی سے نہیں ڈرتا آج بھی کنٹینر پر جانے کو تیار ہوں،عمران مجھے بلائیں میں بلا خوف کنٹینر پر جاؤں گا،ہمیشہ سچ بولا ہے اور بولتا رہوں گا ۔ الیکشن کے لئے کسی پارٹی سے مدد نہیں مانگی ،کنینٹر کے اندر جو بھی فیصلے ہو رہے ہیں وہ ملک کے مفاد میں نہیں ،اپنے ضمیر کے مطابق آئین و پارلیمنٹ کا تحفظ کیا ہے اور ہمیشہ کرتا رہوں گا، دوغلی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 23 ستمبر 2014 22:28

اب تک کوئی شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا، اب بھی پارٹی کا منتخب صدر ہوں،جاوید ..

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے باغی صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں اب بھی پارٹی کا منتخب صدر ہوں اور عمران خان منتخب چیئرمین ہیں جبکہ شاہ محمود اورجہانگیر ترین پارٹی کے غیر آئینی عہدیدار ہیں مجھے اب تک کوئی شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا۔یہ انہوں نے یہاں الیکشن کمیشن میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ شاہ محمود کا بڑا مقام ہوگا مگر کارکن ان کو نہیں جانتے اور نہ ہی پارٹی کے نوجوان شاہ محمود کو قبول کرتے ہیں ۔شاہ محمود اور جہانگیر ترین اور چند لوگوں نے تحریک انصاف کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور غرق کررہے ہیں ۔عمران خان اب بھی میری باتوں پر کان دھر لیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتا آج بھی کنٹینر پر جانے کو تیار ہوں۔

(جاری ہے)

عمران مجھے بلائیں میں بلا خوف کنٹینر پر جاؤں گا ۔میں نے ہمیشہ سچ بولا ہے اور بولتا رہوں گا ۔میرا سر نیزے پر بھی لٹکا دیا جائے تو وہ بھی سچ بولے گا۔میں نے الیکشن کے لئے کسی پارٹی سے مدد نہیں مانگی ۔آصف زرداری کا فون آیا تھا لیکن اس پر الیکشن بارے کوئی بات نہیں ہوئی ۔مجھے امید ہے کہ ملتان کی عوام مائیں،بہنیں،بھائی مجھے اب بھی ووٹ دیں گے۔

کنینٹر کے اندر جو بھی فیصلے ہو رہے ہیں وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہیں ۔اپنے ضمیر کے مطابق آئین و پارلیمنٹ کا تحفظ کیا ہے اور ہمیشہ کرتا رہوں گا۔جہانگیر ترین اور شاہ محمود پارٹی کے عہدیدار بنے ہیں اور خورشید قصوری اور شیری مزاری کو نظر انداز کیا گیا ہے یہ کوئی ٹھیک طریقہ نہیں ہے۔شاہ محمود اور جہانگیر کا عہدیدار بنانے کے لئے پارٹی عہدیداروں اور ووٹروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی ۔پارٹی کے ایسے اقدامات جو ملک کے مفاد میں نہیں تھے۔ کنٹینر میں پاکستان کی عوام کی تذلیل کی جارہی ہے۔ ایک طرف بائیکاٹ کررہے ہیں اور دوسری کاغذات جمع کئے جارہے ہیں ۔ایسی دوغلی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔ ۔