عمران خا ن کی ہدایت پرسیلاب متاثر ین کیلئے امدادی سامان کے سات ٹرک روانہ کر دیئے گئے

بدھ 24 ستمبر 2014 17:31

عمران خا ن کی ہدایت پرسیلاب متاثر ین کیلئے امدادی سامان کے سات ٹرک روانہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء )پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران خا ن کی ہدایت پرلبرٹی چوک سے جھنگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیلاب سے متاثر ین کے لئے امدادی سامان کے سات ٹرک روانہ کر دیئے گئے ۔ بدھ کے روز عمران خان کی بہن علیمہ خان اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمران خان فاؤنڈیشن عابد حسین کی نگرانی میں سیلاب سے متاثرین کے لئے امدادی سامان روانہ کیا گیاجس کی مالیت 50 لاکھ سے زائد ہے اس سامان میں چار سو پچاس خیمے اور سات سو خاندانوں کے لئے ایک مہینے کا راشن جس میں آٹا ،چینی ، چائے ، دالیں ، دودھ سمیت دیگرروزمرہ استعمال کی اشیاء شامل ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عمران خان فاؤنڈیشن کی طرف سے خیموں کی پہلی کھیپ اور کھانے پینے کی اشیاء کی تیسری کھیپ روانہ کی گئی ہے ،متاثرین کی مدد کرنے میں عمران خان فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضاکار مدد کرنے میں دن رات کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان اور عابدحسین نے کہاکہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ بہن ، بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور جتنی بھی ممکن ہو سکے ان کی مدد کریں گے، ہم اپنا قومی فرض سمجھ کرمتاثرین کی خدمت کر رہے ہیں اور ہماری مخیرحضرات سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں ، انہو ں نے کہاکہ قوم پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے عمران خان فاؤنڈیشن ان کی خدمت کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور پہلے کی طرح اب بھی اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔