Live Updates

لاہور کی ضلعی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دے دی

بدھ 24 ستمبر 2014 18:46

لاہور کی ضلعی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) لاہور میں ضلعی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے منگل کے روز ڈی سی او لاہور کو درخواست دی تھی کہ28 ستمبر کو انہیں مینار پاکستان جلسے کی اجازت دی جائے۔ جس پر ضلعی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو خط لکھا ہے کہ اس حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ ڈی سی او کیپٹن (ر)عثمان نے ڈی جی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کو بھی تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا مشہود کا کہنا ہے کہ جلسے سے منع نہیں کیا جائے گا،دوسری جانب مینار پاکستان کے سیکورٹی افسر کا کہنا ہے کہ اس جگہ پر سکیورٹی خدشات ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال اور میاں افتخار نے ڈی سی او لاہور کے دفتر میں جلسے کے لئے درخواست جمع کرائی تھی‘ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے روکنے کی کوشش کی تو پھر جاتی عمرہ میں جلسہ کریں گے۔

وزیر قانون پنجاب رانا مشہود کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان کے قریب تعمیراتی کام جاری ہے، پی ٹی آئی نے مینارپاکستان گراؤنڈ میں ہی جلسہ پر اصرار کیا تو پھر فیصلہ کریں گے کہ کون سا گراؤنڈ انہیں دیا جائے۔مینار پاکستان کے سیکورٹی افسر محمد ضمیر کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر یہاں خاردار تاریں لگا رکھی ہیں۔ مینار پاکستان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یادگار پاکستان 55 ایکٹر کی اراضی پر مشتمل ہے،اس کے اندر تقریبا 4 لاکھ افراد کی گنجائش ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات