لندن پلان کی باتیں سب فراڈ ہیں، ہمارا پلان پاکستان بچانا ہے: شجاعت

بدھ 24 ستمبر 2014 19:23

لندن پلان کی باتیں سب فراڈ ہیں، ہمارا پلان پاکستان بچانا ہے: شجاعت

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ قائد اعظم کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ لندن پلان کی باتیں سب فراڈ ہیں ۔ ہمارا پلان پاکستان بچانا ہے فوری قومی حکومت بنائی جائے بے شک اس میں مسلم لیگ ن کو بھی نمائندگی دے دیدی جائے ۔ حکمران لندن جائیں یا امریکہ گو نواز گو کا نعرہ اُن کا پیچھا کرے گا۔

(جاری ہے)

اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین نے لندن میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہرلقادری کی ملاقات کی تصدیق تو کی مگر اسے محض اتفاقیہ ملاقات قرار دیا. چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ لندن پلان کی باتیں سب فراڈ ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میں جرات ہے تو ہم پر قرضے معاف کرانے کا الزام لندن میں بیٹھ کر لگائیں پھر اگر انہیں عدالتوں میں نہ لیکر گئے تو وہ قصور وار ہوں گے۔ عمران قادری اور چودھری برادران کے چہروں کو مکروہ کہنے والوں کے" شریف" چہرے سانحہ ماڈل ٹاون کی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سب پر عیاں ہو چکے ہیں اب تحریک دبنے والی نہیں۔ شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔ گو نواز گو تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا ہے۔ حکومت پہلے بھی خطرے میں تھی اب بھی ۔

متعلقہ عنوان :