Live Updates

عمران خان،چوہدری نثار اورخورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں،الیکشن کمیشن، 1174اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں سے صرف209 کی اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں،ترجمان

بدھ 24 ستمبر 2014 22:08

عمران خان،چوہدری نثار اورخورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ 1174اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں سے صرف209اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں،پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایاکہ قومی اسمبلی کے 75 اور سینیٹ کے 29 اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں جب کہ صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب کے 38، سندھ کے 42، خیبرپختون خوا کے 19 اور بلوچستان کے 6 اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں جب کہ تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے 30 ستمبر 2014 تک کی مہلت دے رکھی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات