چین کی روئی کی خریداری بند کرنے و درآمدی کوٹا نہ بڑھانے کے فیصلے سے دنیا بھرمیں روئی کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی

بدھ 24 ستمبر 2014 23:15

چین کی روئی کی خریداری بند کرنے و درآمدی کوٹا نہ بڑھانے کے فیصلے سے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) چین کی جانب سے روئی کی خریداری بند کرنے اور درآمدی کوٹا نہ بڑھانے کے واضح فیصلے سے دنیا بھرمیں روئی کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی دیکھی جا رہی ہے۔نیویارک کاٹن ایکس چینج میں روئی کی قیمتیں 4سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں جبکہ پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 350 روپے فی من تک ریکارڈ کمی ہوئی، گزشتہ روزنیویارک کاٹن ایکس چینج میں روئی کی قیمتیں 1.80 تا 2.34 سینٹ کمی کے بعد62.59 تا 62.68 سینٹ فی پاوٴنڈ تک گر گئیں جو 4 سال کی کم ترین سطح ہے جبکہ پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں چند روزمیں روئی کی قیمتیں 350 روپے فی من کمی سے پنجاب میں5450 روپے اورسندھ میں 5350 روپے من ہوگئیں جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے بھی 2 روزمیں اسپاٹ ریٹ 150 روپے کی کمی سے 5350 روپے فی من مقرر کردیا ہے، بھارت میں روئی کی قیمت ریکارڈ 1470 روپے کی کمی سے 37 ہزار 42 روپے فی کینڈی ہوگئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے رکن احسان الحق نے بتایا کہ چند روز قبل ہی چین کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ کاٹن سال 2014-15 میں اپنے قومی ذخائر کیلیے کاشتکاروں سے براہ راست روئی خریداری کریگا اور اگراوپن مارکیٹ میں روئی کی قیمت 19 ہزار 800 یوا?ن (3220 ڈالر ) فی ٹن سے کم ہوئیں تو وہ اپنے کاشت کاروں کوسبسڈی فراہم کرے گا۔دو روز قبل جاری ہونے والی چین کی کاٹن امپوٹ پالیسی کے مطابق 2014-15 میں کاٹن امپورٹ کوٹے میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ روئی کی درآمدات صرف 8لاکھ 94 ہزار ٹن تک محدود رکھنے کا فیصلہ گیا، چین کے اس اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا۔

انھوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں ڈالر کے مقابل یورو اور پاوٴنڈ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث چند روز میں روئی کی قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :