لاہورہائیکورٹ نے سیاسی طور پر نظر بند کارکنوں کی نظر بندیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا

جمعرات 25 ستمبر 2014 21:05

لاہورہائیکورٹ نے سیاسی طور پر نظر بند کارکنوں کی نظر بندیوں کو غیر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر 2014ء) لاہورہائیکورٹ نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک سمیت سیاسی طور پر نظر بند کارکنوں کی نظر بندیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا،عدالت نے نظر بند کارکنوں کو ایک گھنٹے میں رہاء کرنے کا حکم دے دیا لاہورہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے وکلاء نے کہا کہ حکومت نے تین ایم پی او کا سہارا لے کر عام کارکنوں کو نظر بند کر دیا جو کہ عدالتی احکامات اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

وکلاء نے عدالت سے نظر بندیاں ختم کرنے اور نظر بند کارکنوں کو معاوضہ کی ادائیگی کی استدعا کی۔ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 520کارکنوں کو رہاکر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ائیرپورٹ پر توڑ پھوڑ کے واقعہ میں ملوث چھتیس کارکنوں کو رہاء کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پنجاب بھر میں سیاسی کارکنوں کی نظربندیاں غیرقانونی قراردے دیں۔عدالت نے نظر بند کارکنوں ضمانتی مچلکوں کے بغیر ایک گھنٹے میں رہاکرنے کاحکم دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نظر بند سیاسی کارکنوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے حوالے سے تفصیلی فیصلے میں حکم جاری کیا جائے گا۔