حکومت کی جانب سے حجاج کرام کو غیر معیاری سہولیات کی فراہمی، ہزاروں حجاج کرام پردیس میں بیمار پڑ گئے، کھانا نہ صرف غیر معیاری بلکہ ناکافی مقدار فراہم کرنے کی شکایت، ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولیات بھی قابل ذکر نہیں، خدام الحجاج نے بھی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں ، حجاج کرام کا حکومت پاکستان سے راست اقدام کا مطالبہ

جمعہ 26 ستمبر 2014 23:16

حکومت کی جانب سے حجاج کرام کو غیر معیاری سہولیات کی فراہمی، ہزاروں ..

مکة المکرمہ /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) حکومت کی جانب سے حجاج کرام کو غیر معیاری سہولیات کی فراہمی، ہزاروں حجاج کرام پردیس میں بیمار پڑ گئے، کھانا نہ صرف غیر معیاری بلکہ ناکافی مقدار فراہم کرنے کی شکایت، ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولیات بھی قابل ذکر نہیں، خدام الحجاج نے بھی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں ، حجاج کرام کا حکومت پاکستان سے راست اقدام کا مطالبہ ۔

”آن لائن “ مکة المکرمہ سے موصولہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق سرکاری عازمین انتہائی مشکلات کا شکار ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات انتہائی غیر معیاری ہیں جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں لیکن نہ تو خدام الحجاج ان کی بات سننے کو تیار ہیں اور نہ ہی وہاں پر عملہ حجاج کی شکایات دورکرنے کیلئے ہمہ وقت موجود ہوتاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ حجاج کو کھانا انتہائی غیر معیاری فراہم کیا جاتاہے جوکہ اکثر اوقات باسی ہوتاہے جس کے باعث ہزاروں حجاج پردیس میں بیمار پڑ گئے ہیں اور انہیں پیٹ کے امراض نے گھیر لیاہے ایسے انہیں ارکان حج ادا کرنے میں بھی شدید مشکلات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حاجیوں کو یہ بھی شکایات ہے کہ جو کھانا فراہم کیا جارہاہے وہ پرانا ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی مقدار بھی ناکافی ہوتی ہے اور اگر اضافی کھانا طلب کیا جائے تو اس پر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوتی جس کے باعث بازار سے کھانا لینا پڑتا ہے تاہم وہ کھانا بھی سعودی ذائقہ کے مطابق ہوتاہے جوکہ عام طور پر پاکستانی حجاج میں مقبول نہیں ہے کیونکہ اس میں مصالحہ جات انتہائی کم استعمال کیا جاتاہے اوراگر اپنی طرف سے اس پر مصالحہ جات چھڑکے جائیں تو نہ صرف ذائقہ میں فرق آجاتاہے بلکہ وہ بالکل کھایا ہی نہیں جاتا۔

ذرائع نے بتایاکہ ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولیات بھی انتہائی ناقص ہیں اور جب حاجی حرم سے رہائش گاہ کی جانب یا رہائش گاہ سے حرم کی جانب آنے کیلئے ٹرانسپورٹ کی جانب بڑھتے ہیں تو وہاں رش کے باعث بزرگ حاجیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے جبکہ موقع پر موجود خدام الحجا ج نے بھی آنکھیں ماتھے پر رکھ لی ہیں ۔ حجاج کرام نے اپیل کی ہے کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خدا تعالیٰ کے مہمانوں کے ساتھ اپنا رویہ درست کریں اور مجاذ اتھارٹی کو واضح احکامات جاری کریں تاکہ دیار غیر میں ہماری مشکلات حل ہوسکیں اور بخوبی عبادت خداوندی انجام دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :